پاکستان خدا کا ایک معجزہ ہے
پاکستان ان گنت دشمنوں میں گھرا ایک اسلامی نظریاتی ملک ہے۔اس کے دشمنوں میں اسرائیل بھارت اور کئی بڑے بڑے ممالک شامل ہیں اس ملک کا وجود , قیام سے لیکر اب تک دشمنوں کو آگ لگاٸے ہوٸے ہے۔کوئی نہیں چاہتا کہ یہ ملک محنت کر کے آگے بڑھ سکے۔ اس لیے اس کی حفاظت اس کے وجود کی طرح ضروری ہے۔
اللہ کا خصوصی کرم ہے کہ اس نے اس پاک دھرتی کو جانیں نچھاور کرنے والے محافظ عطا کیے ہیں۔ جو دھرتی ماں کے لیے کبھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔ اس کی حفاظت کے لیے اور اسے پرامن رکھنے کے لیے ہردم چوکس رہتے ہیں۔
پاکستان کے محافظوں کی لازوال قربانیاں ہی ہیں جن کی بدولت یہ پیارا وطن قاٸم داٸم ہے۔ ہماری سکیورٹی فورسز کی ان تھک محنت ہی ہے کہ ہم ہر آزماٸش سے بخوبی نبرد آزما ہوٸے۔ ہم نے دہشت گردی کی طویل جنگ بھی پاک فوج کے جوانوں کے اخلاص اور جانثاری سے جیتی۔
قیامِ پاکستان سے لیکر اب تک پاکستان پہ جتنی بھی آزماٸشیں آٸی ہیں۔ قوم نے پاک فوج کے ساتھ مل کر ان کا مقابلہ کیا ہے۔ مختلف حربی معرکوں میں ہم نے اپنے بہت سے قیمتی بیٹے کھوٸے ہیں۔ جن کی جرأت ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔
پاک فوج نے دھرتی کے دفاع کی ذمہ داریاں نہایت احسن طریقے سے نبھانے کے ساتھ ساتھ ہر مشکل گھڑی اور قدرتی آفت میں فرنٹ فٹ پہ قوم کی مدد کی ہے۔ پاک فوج آفات میں ریسکیو کرنے کے ساتھ لوگوں کی امداد اور بحالی کے لیے بھی کام کرتی ہے۔
پاک فوج کے اسی جانثارانہ رویے کی وجہ سے پاکستان کی عوام پاک فوج سے عقیدت رکھتی ہے۔ پاکستانی قوم پاک فوج کو اپنے لیے مسیحا اور نجات دہندہ گردانتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فوج اور قوم کا رشتہ اٹوٹ ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہورہا ہے۔
پاکستان کے دشمنوں نے پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے ہر طرح کی سازشیں کرکے دیکھ لیا مگر وہ اپنے ہر حربے میں ناکام رہے۔ دشمن کی آخری سازش پاک فوج اور پاکستانی قوم کی آپسی محبت کو ختم کرنا ہے۔ ملک دشمن عناصر جتنی بھی کوشش کرلیں ان شاءاللہ قوم کی فوج سے محبت کو ختم نہیں کرسکتے۔
شرپسند عناصر کا ہر حربہ ناکام ہوا ہے اور ان شاءاللہ ہمیشہ ان کی ہر سازش ناکام ہوگی۔ قوم اپنی افواج کے پشت پہ کھڑی ہے۔
پاک فوج نے ثابت کیا ہے کہ وہ ایک قومی فوج ہے۔ اپنی قوم کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہر مشکل میں ہر دکھ اور تکلیف میں مسیحا بن کر قوم کے درد سمیٹتی ہے.
الحمد لله بیرونی ہی نہیں اندرونی دشمنوں سے اور سازشیوں سے بچانے کی مکمل ذمہ داری پاک فوج بخوبی نبھا رہی ہے۔